All posts by mshijazi

شاہین آفریدی، حارث روف نے محمد عامر، وہاب ریاض کو پیچھے چھوڑدیا

لاہور (این این آئی)لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رئوف نے محمد عامر اور وہاب ریاض کو پیچھے چھوڑ دیا۔شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف نے ٹی 20 کرکٹ میں اپنی 300،300 وکٹ مکمل کرلیں۔لاہور قلندرز سے تعلق رکھنے والے دونوں پلیئرز نے پی ایس ایل 10 میں لاہور اور اسلام آباد کے میچ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا۔شاہین آفریدی نے 300 وکٹیں کیریئر کے 216ویں اور حارث رئوف نے 228 ویں میچ میں مکمل کی ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان کی وکٹ لیتے ہی شاہین آفریدی 300 وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین پاکستانی بولر بن گئے جبکہ حارث روف نے اس فہرست میں دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔اس سے قبل محمد عامر اور وہاب ریاض کے پاس مشترکہ طور پر یہ اعزاز تھا، دونوں نے 256،256 میچز میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کی تھیں۔شاہین آفریدی 300 وکٹ لینے والے دنیا کے چوتھے تیز ترین بولر ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل10 ،کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے ہرادیا،ملتان سلطانز پلے آف کی دوڑ سے باہر۔

لاہور(این این آئی)ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے دی،یہ کراچی کنگز کی سات میچوں میں چوتھی کامیابی ہے۔ اس جیت کے بعد اس کے 8 پوائنٹس ہوگئے ہیں ، ملتان سلطانز کی 8 میچوں میں یہ 7 ویں شکست ہے اور اگر وہ اپنے اگلے دونوں میچ جیت بھی لے تب بھی اس کے 6 پوائنٹس ہونگے یوں وہ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے،قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 204 رنز بنائے۔ملتان سلطانز 16 اعشاریہ ایک اوورز میں 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اوپنرز ٹم سائیفرٹ اور کپتان ڈیوڈ وارنر نے کراچی کنگز کو 53 رنز کا جارحانہ اسٹارٹ دیا۔ سائیفرٹ3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے22 رنز بناکر عبید شاہ کی گیند پر جارڈن کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ڈیوڈ وارنر جو مائیکل بریسویل کے ایک ہی اوور میں 24 رنز اسکور کرچکے تھے 2 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے30 رنز بناکر ڈیوڈ ولی کی گیند پر کامران غلام کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ 60 کے مجموعی اسکور پر عمیر بن یوسف صرف ایک رن بناکر عبید شاہ کی گیند پر ڈیوڈ ولی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جیمز ونس اور عرفان خان نے چوتھی وکٹ کیلئے 78 رنز کا اضافہ کیا۔ عرفان خان 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے40 رنز بناکر کیمفر کی گیند پر جارڈن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جیمز ونس جنہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے میچ میں سنچری اسکور کی تھی اس مرتبہ انہوں نے 65 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔انہوں نے خوشدل شاہ کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کا اضافہ کیا۔ خوشدل شاہ نے آؤٹ ہوئے بغیر صرف 13 گیندوں پر 33 رنز اسکور کیے جس میں2 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔عبید شاہ نے 49 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ملتان سلطانّز کو ابتدا ہی میں کپتان محمد رضوان کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے عباس آفریدی کی گیند پر سائیفرٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور ملتان سلطانز اپنے ہدف سے دور ہوتی چلی گئی۔عثمان خان ایک ، یاسر خان 26 کرٹس کیمفر 12 افتخار احمد 8 اور مائیکل بریسویل 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کامران غلام ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔کراچی کنگز کی طرف سے محمد نبی نے 14 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔خوشدل شاہ نے 26 اور میرحمزہ نے 15رنز دے کردو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ملتان سلطانز اپنا 9 واں میچ 5 مئی کو پشاور زلمی اور 10 واں میچ 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گی۔ دونوں میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سلووینیا کی وزیر خارجہ تنجا فجون کی ٹیلی فون پر بات چیت

اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سلووینیا کی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ تنجا فجون نے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انہیں علاقائی صورتحال،بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات کی تردید کرتے ہوئے عالمی قانون سے ماورا یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ کے خاتمے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔جمعرات کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ فوجان نے دونوں ملکوں سے کہا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور عالمی قوانین کے مطابق سفارتکاری سے مسائل کو حل کریں۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے پہلگام حملے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کو سراہا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر دونوں رہنمائوں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے جائزہ کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

بولنا مجھے بھی آتا ہے لیکن بڑوں نے عزت کرنا سکھایا ہے’ بابر اعظم

لاہور(این این آئی)پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بولنا مجھے بھی آتا ہے، ہر کوئی بول سکتا ہے تو ہمیں بھی بولنا آتا ہے لیکن عزت نفس بھی کوئی چیز ہوتی ہے، مجھے میرے بڑوں نے سکھایا ہے کہ ہر کسی کی عزت کرنا ہے۔نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ لوگ مجھے کریز پر زیادہ دیر تک دیکھنا چاہتے ہیں، لوگوں کی مجھ سے توقعات زیادہ ہوتی ہیں، میں اپنی چھوٹی اننگز سے بھی لطف اندوز ہوتا ہوں لیکن لوگوں کی توقع کے مطابق لمبا نہیں کھیل پا رہا۔انہوں نے کہا کہ مجھ سے غلطیاں ہوتی ہیں اور اگلی مرتبہ دور کرنے کی کوشش کرتا ہوں لیکن پھر کوئی اور غلطی ہو جاتی ہے، ایسا کرکٹ میں ہوتا رہتا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ آپ کتنا فوکس رہتے ہیں میں اب بھی بہت فوکس ہوں، میں اپنی گیم کے مطابق چلتا ہوں۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ مجھے بھی اندازہ ہے کہ آج کل اسٹرائیک ریٹ اور تیز کھیلنے کی بات ہوتی ہے، مجھے پتہ ہے کہ کرکٹ کہاں جا رہی ہے، مجھے کسی کو ثابت نہیں کرنا کہ میں کیسا پلیئر ہوں، سب کو پتہ ہے، میں کیسا پلیئر ہوں، میں ہمیشہ صورتِ حال اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتا ہوں، اسٹرائیک ریٹ کا مجھے پتہ ہوتا ہے۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جتنے بیٹنگ نمبر میں نے تبدیل کیے ہیں کسی نے نہیں کیے، کسی کے آنے پر بابر نے ہی نمبر تبدیل کیے ہیں، بابر کبھی نمبر 3 پر چلا جاتا ہے کبھی اوپن آجانا ہے، میرے لیے پاکستان پہلے ہے، فرنچائز کی ڈیمانڈ تھی اوپن کروں، پھر جو پاکستان کی ضرورت ہے وہاں کھیلتا ہوں، میرا کبھی اپنا انفرادی ہدف نہیں رہا کہ میں اوپنر ہی کھیلوں گا، میں ٹیسٹ میں اوپن کر چکا ہوں، میں نے 6 نمبر سے شروع کیا اور پھر اوپر نیچے ہوتا اوپنر تک آیا، میں نے کبھی نہیں کہا کہ اس نمبر پر نہیں کھیلوں گا کہ میری کارکردگی اچھی نہیں ہوگی، ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہر نمبر پر کھیلنے کیلیے تیار ہوں۔بابر اعظم کا ماننا ہے کہ مجھے باتیں کرنا پسند نہیں ہیں، مجھے گراؤنڈ میں کھیلنا زیادہ پسند ہے، مجھے بولنا آتا ہے، ہر کوئی بول سکتا ہے تو ہمیں بھی بولنا آتا ہے لیکن عزت نفس بھی کوئی چیز ہوتی ہے، مجھے میرے بڑوں نے سکھایا ہے کہ ہر کسی کی عزت کرنا ہے، میرا کام گراؤنڈ میں ہے، میں سخت محنت گراؤنڈ میں کرتا ہوں، میں اپنی کارکردگی سے کبھی مطمئن نہیں ہوتا، میں نمبر ون رہا ہوں تو کبھی مطمئن نہیں ہوا میں اچھا پرفارم کر کے بھی بس آگے کا دیکھتا ہوں اور ملک کا سوچتا ہوں۔بابر اعظم نے کہا کہ میرے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے بارے میں سلیکٹرز اور کوچز کیا سوچ رہے ہیں وہی بتا سکتے ہیں، میرا کام پرفارم کرنا ہے، چاہے ٹی ٹوئنٹی ہو ون ڈے ہو یا ٹیسٹ کرکٹ، کھلانا نہ کھلانا میرے ہاتھ میں نہیں، جب تک اللّٰہ چاہے گا کھیلوں گا، ہمیں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی سے آرام دیا گیا ہے اب دیکھتے ہیں کہ وہ کیا سوچتے ہیں۔بابر اعظم نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے فرق نہیں پڑے گا ون ڈے فارمیٹ سے آپ کے صبر کا پتہ چلتا ہے ایسا نہیں ہے کہ ون ڈے کرکٹ تیز رفتار نہیں ہے، 350 پلس رنز بن رہے ہیں، ون ڈے فارمیٹ ہمیشہ سے میرے لیے خاص ہے، اچھی یادیں اور پرفارمنسز ہیں۔پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایک بہترین لیگ ہے، مجھے بالکل نہیں لگا کہ اس کا گراف گرا ہے، کسی میچ میں کہہ سکتے ہیں کہ دلچسپی کم ہوئی ہے لیکن مجموعی طور پر ایسا نہیں ہے، غیر ملکی کھلاڑی کوشش کرتے ہیں کہ پی ایس ایل کھیلیں، بولنگ کا معیار یہاں بہت اچھا ہے، ہر ٹیم کے پاس 145 پلس کے بولرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 10 کا سیزن بحیثیت ٹیم اور انفرادی کارکردگی اوپر نیچے جا رہا ہے، آغاز میں ہم نے وننگ کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی، 2 فتوحات ملیں لیکن ہمیں تسلسل لانا ہو گا۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ لوگوں کا دباؤ ہوتا ہے کہ وہ اتنا پیار کرتے ہیں اور ان کے سامنے پرفارم کرنا ہے، اعتماد بھی ملتا ہے کہ جہاں جاتے ہیں لوگ تعریف کرتے ہیں، میں لوگوں کو تفریح مہیا کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جب اسٹیڈیم میں ‘بابر، بابر’ کی ا?وازیں لگتی ہیں تو شکر کرتا ہوں کہ اللّٰہ نے اتنی عزت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سائیکل پر اسٹیڈیم آتے تھے اور سوچتے تھے کبھی یہاں کھیلیں گے، اب اسی اسٹیڈیم میں لوگ ہمارے لیے آواز بلند کرتے ہیں، یہاں بال پکر بننا اور بولر کی حیثیت سے کھیل کا آغاز کرنا سب یاد آتا ہے، میں اللّٰہ کا بڑا شکر ادا کرتا ہوں، میری ذمے داری بڑھ جاتی ہے کہ فینز کو مایوس نہ کروں۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ لوگ میمز بنا کر پیار کرتے ہیں، کبھی کبھار جب میمز سامنے آتی ہیں تو لطف اندوز ہوتا ہوں۔

ابھی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے، اب بھی موقع ہے،محمد رضوان

لاہور(این این آئی)پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ابھی ہم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 90 رنز کا ہدف 8ویں اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔کپتان سعود شکیل 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، فن ایلن نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔خرم شہزاد کو میچ میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔تاہم میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ شاٹ سلیکشن غلط ہوگی تو فلیٹ پچ پر بھی یہی نتیجہ آئے گا، سمجھ داری سے 150 سے زائد رنز بناتے تو کچھ ہوسکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اب بھی موقع ہے لیکن دوسروں پر انحصار کرنا بالکل پسند نہیں۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ یہ ایک ڈریم میچ تھا اسے ہمیشہ یاد رکھنا چاہوں گا، جیت کا کریڈٹ بولرز کو جاتا ہے، ٹیم تینوں شعبوں میں زبردست پرفارم کررہی ہے۔واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم سات میچوں میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کرسکی ہے۔

دوران ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے کے کیس میں ڈکی بھائی کی ضمانت منظور

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے یوٹیوبر سعدالرحمن المعروف ڈکی بھائی کی خطرناک ڈرائیونگ اسسٹنٹ کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ڈکی بھائی نے اپنے خلاف موٹروے پولیس کی جانب سے دو مقدمات دائر کیے جانے کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی تھی، جس پر سماعت ہوئی۔جسٹس شہباز رضوی نے یوٹیوبر کی درخواست پر سماعت کی جس دوران ڈکی بھائی خود بھی پیش ہوئے۔عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا اور درخواست گزار کو حکم دیا کہ وہ آئندہ ماہ مئی میں اپنے خلاف ہونے والے ٹرائل میں عدالت میں پیش ہوں۔ڈکی بھائی کے خلاف خطرناک اسٹنٹ کرنے کے کیس کا ٹرائل 5 مئی کو ہوگا، جس میں یوٹیوبر پیش ہوں گے۔لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ریلیف ملنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا اور دعوی کیا کہ وہ گاڑی چلاتے وقت نیند میں نہیں تھے۔ڈکی بھائی کے مطابق ان پر لگایا گیا الزام بھی غلط ہے کہ وہ پائوں سے گاڑی چلا رہے تھے، انہوں نے اسٹیئرنگ پر نہیں بلکہ گاڑی کے ڈیش بورڈ پر پائوں رکھے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دعوی بھی غلط ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت نیند میں تھے، ان کی ایک آنکھ بند تھی لیکن دوسری آنکھ سے وہ دیکھ رہے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اپنے دعوے ثابت کرنے کے شواہد موجود ہیں اور وہ عدالت میں پیش کریں گے، وہ میڈیا کے سامنے اپنی صفائیاں پیش کرنے نہیں آئے۔خیال رہے کہ چند روز قبل موٹروے پولیس نے ڈکی بھائی کے خلاف دوران ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے دو مقدمات دائر کیے تھے۔ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اسٹیئرنگ پر پاوں رکھ کر گاڑی چلائی اور یہ کہ ان کی گاڑی 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔ان کے خلاف راولپنڈی کے تھانے چکری اور لکسیاں میں دو الگ الگ مقدمات دائر کیے گئے تھے، جس کے بعد اب انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت کروالی۔

اداکارہ نازش جہانگیر کو ہراساں کرنے کے کیس کی تفتیش میں پیشرفت

لاہور( این این آئی)سندھ اور پنجاب پولیس نے اداکارہ نازش جہانگیر کوہراساں کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کی گرفتاری کے لئے لاہور میں چھاپہ مارا لیکن ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔پولیس کے مطابق سندھ پولیس کے ہمراہ لاہور پولیس کی ٹیم نے ڈیفنس سی نازش جہانگیر کی مدعیت میں درج مقدمہ کے ملزم اسود کی گرفتار ی کیلئے کارروائی کی لیکن ملزم پہلے ہی فرار ہوگیا۔

بھارت ہمیں جذبے میں مات نہیں دے سکتا،جیسابھارت کرے گاویساہی جواب ملے گا،راناثناء اللہ

اسلام آباد(این این آئی)مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بھارت ہمیں جذبے میں مات نہیں دے سکتا،جیسابھارت کرے گاویساہی جواب ملے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں مسلح افواج کیساتھ کھڑی ہے،اگرحملہ ہوا توبھارت میزائل کی صورت میں کرسکتا ہے، جیسا بھارت کرے گا ویسا ہی جواب ملے گا۔انہوں نے کہاکہ ہماری ایئرفورس بہت زیادہ پروفیشنل ہے، بھارت ہمارے جذبے میں ہمیں مات نہیں دے سکتا، ٹیکنالوجی میں بھی ہم ان سے پیچھے نہیں ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں مشیر وزیراعظم نے کہا کہ میاں نوازشریف وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کو حکومت چلانے کے حوالے سے گائیڈ کرتے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ 2011سے مذاکرات کرنے کوتیارنہیں،ہم کیا کرسکتے ہیں، اے پی سی میں تحریک انصاف کوبلایا جائے گا، اگرتحریک انصاف کہے گی توبانی کولایا جاسکتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے حقائق سامنے لانے کیلئے شفاف، قابل اعتماد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیاہے۔جاری بیان کے مطابق بدھ کووزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری روبیو کو پہلگام واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کا ذکر کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90,000سے زائد جانوں کی قربانی دی اور پاکستان کو 152بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا ۔بھارت کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز رویے کو انتہائی مایوس کن اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی دہشت گردی بالخصوص افغان سرزمین سے سرگرم آئی ایس کے پی، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سمیت عسکریت پسند گروپوں کو شکست دینے کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور حقائق سامنے لانے کیلئے شفاف، قابل اعتماد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور ذمہ داری سے کام لے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا انتخاب کیا، جو پاکستان کے 240ملین لوگوں کیلئے لائف لائن ہے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ سندھ طاس معاہدے میں کسی بھی فریق کیلئے یکطرفہ طور پر دستبردار ہونے کی کوئی شق نہیں ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیاکہ جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔ پاک -امریکہ دوطرفہ تعاون کے بارے میں وزیراعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور امریکہ نے گزشتہ 70سالوں میں مل کر کام کیا ہے اور دونوں فریق مزید کئی شعبوں بشمول انسداد دہشت گردی اور معاشی تعاون کو بڑھانے، معدنیات کا شعبہ میں بھی تعاون کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان کی حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران بڑی اقتصادی اصلاحات کی ہیں اور اس کے نتیجے میں پاکستان اب اقتصادی بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ روبیو نے تفصیلی بات چیت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے دونوں فریقوں کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بیجنگ (این این آئی)چین کے صوبہ لیانینگ کے شہر لیایانگ کے ایک ہوٹل میں آگ لگی۔منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق دوپہر دو بجے تک حادثے میں 22 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو چکے تھے۔ حادثے کے بعد سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کا علاج کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور جلد از جلد حادثے کی وجہ معلوم کرکے قانون کے مطابق ذمہ داروں کو سنجیدگی سے سزا دی جائے۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ”یوم مئی”کی تعطیل کی آمد آمد ہے، اور تمام خطوں اور متعلقہ محکموں کو حفاظتی ذمہ داریوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرنا چاہئے اور بڑے حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی حادثے پر اہم ہدایات دیں۔صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی چھیانگ کی اہم ہدایات کے مطابق چین کی وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے ہنگامے سے نمٹنے کی رہنمائی کے لیے ایک ورکنگ گروپ حادثے کی جگہ روانہ کیا۔ اس وقت جائے وقوعہ پر ریسکیو کام جاری ہے۔

لاہور(این این آئی)پاکستان شوبز کی اداکارہ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان کر دیا۔تنازعات کے باعث سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ اور ماڈل علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی، علیزہ شاہ جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم” سپر سٹار” سے کیا اور ڈرامہ عہد وفا کے ذریعے مقبولیت حاصل کی، حالیہ برسوں سوشل میڈیا ٹرولنگ کا نشانہ بنتی رہی ہیں جس کی وجوہات میں ان کا لباس، سٹائل اور میوزک ویڈیوز شامل ہیں۔حال ہی میں علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ وہ خود پر ہونے والی تنقید سے ذہنی طور پر متاثر ہو رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بظاہر وہ مضبوط دکھائی دیتی ہیں، لیکن اندرونی طور پر کئی مسائل سے دوچار ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی کسی غیر اخلاقی راستے سے شہرت حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی، اس کے باوجود انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اداکارہ نے اب اپنی انسٹاگرام سٹوری پر She Quits لکھ کر سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کیا ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود اپنی تمام پوسٹس بھی ڈیلیٹ کر دی ہیں۔یہی نہیں بلکہ ٹرولنگ سے تنگ اداکارہ نے سوشل میڈیا کو جہنم سے تشبیہ دی۔

چینی صدر نے شمالی چین کے لیایانگ شہر میں آتشزدگی کے حادثے پر اہم ہدایات جار ی کر دیں

بیجنگ (این این آئی)چین کے صوبہ لیانینگ کے شہر لیایانگ کے ایک ہوٹل میں آگ لگی۔منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق دوپہر دو بجے تک حادثے میں 22 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو چکے تھے۔ حادثے کے بعد سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کا علاج کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور جلد از جلد حادثے کی وجہ معلوم کرکے قانون کے مطابق ذمہ داروں کو سنجیدگی سے سزا دی جائے۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ”یوم مئی”کی تعطیل کی آمد آمد ہے، اور تمام خطوں اور متعلقہ محکموں کو حفاظتی ذمہ داریوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرنا چاہئے اور بڑے حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی حادثے پر اہم ہدایات دیں۔صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی چھیانگ کی اہم ہدایات کے مطابق چین کی وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے ہنگامے سے نمٹنے کی رہنمائی کے لیے ایک ورکنگ گروپ حادثے کی جگہ روانہ کیا۔ اس وقت جائے وقوعہ پر ریسکیو کام جاری ہے۔

ملک میں آئندہ 15روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان

اسلام آباد (این این آئی)ملک میں آئندہ 15روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق یکم مئی 2025 سے آئندہ 15روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔صنعتی اور سرکاری تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر صرف 0.016روپے کمی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر محض 0.01روپے اضافہ متوقع ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھا کا بوجھ ممکنہ طور پر عوام پر نہیں ڈالا جائے گا۔