اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی بلے کے انتخابی نشان کی بحالی سے متعلق اپیل پر سپریم کورٹ میں بینچ تشکیل ہوگیا ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔سپریم کورٹ کا بینچ بدھ کوپی ٹی آئی اپیل پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی بلے کے انتخابی نشان کی بحالی سے متعلق درخواست 10جنوری کو سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی تھی۔انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی عدم فراہمی پر پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہماری بلے کے نشان کی واپسی کے لیے درخواست مقرر ہی نہیں ہوئی۔اس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی کی بلے کے نشان سے متعلق درخواست پر سماعت مقرر کرنے کی یقین دہائی کرائی۔یاد رہے کہ 4جنوری کو پی ٹی آئی نے بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔