بغداد (این این آئی)عراق نے 17 ارب ڈالر کے ایک منصوبے کا اعلان کیا ہے جو ایشیا اور یورپ کو آپس میں ملائیگا۔منصوبے کے ذریعے علاقائی تعاون اور معاشی مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔بغداد میں ایک روزہ کانفرنس میں خلیج تعاون تنظیم (جی سی سی) ممالک، ایران، ترکیہ، شام اور اردن کے ٹرانسپورٹ منسٹرز نے ’ڈیولپمنٹ روڈ‘ منصوبے پر بات چیت کی۔
یہ قوی الجثہ انفرااسٹرکچر پروجیکٹ جنوبی عراق کو ترکیہ کی سرحد سے جوڑے گا اور یہاں سے آگے جاکر یورپ کے ریلوے ٹریک اور سڑکوں کے جال سے منسلک ہوجائے گا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراق کے وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی نے کہا کہ یہ منصوبہ معاشی لائن فراہم کرے گا اور تاریخ اور ثقافتوں کو جوڑ کر ایسا خطہ بنائے گا جہاں کوئی بھی سرمایہ کاری کرسکے۔
انہوں نے کہاکہ آج آپ کی یہاں ایک مستحکم اور محفوظ بغداد میں موجودگی، مواقعوں اور ارادوں سے بھرپور ہے، اور اس کے ذریعے ہم حل تلاش کریں گے۔منصوبے میں 1200 کلومیٹر طویل دو رویہ ریل نیٹ ورک شامل ہے، الفاء بندرگاہ سے روانہ ہونے والے مسافروں اور سامان کیلئے نیا موٹروے بھی تعمیر کیا جائے گا،اس کی جنوبی ساحل پر واقع بندرگاہ کو ترکیہ سے متصل سڑکوں اور ریلوے ٹریکس سے جوڑے گا۔لاجسٹکس سینٹرز اور انڈسٹریل شہر بھی نیٹ ورک کے ساتھ تعمیر کیے جائیں گے۔عراقی حکومت نے منصوبے کا تخمینہ 17 ارب ڈالر لگایا ہے جس سے 4 ارب ڈالر سالانہ کی آمدنی ہوگی اور تقریباً ایک لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔