اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ بار کے سیکرٹری سید علی عمران نے سینیٹ سے انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے منظور ہونے والی قرارداد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی قرارداد کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔سیکریٹری سپریم کورٹ بار سید علی عمران نے معاملے پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ میں کورم ہی پورا نہیں تھا لہٰذا سینیٹ کی ایسی قرارداد کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے اور سپریم کورٹ بار چیف جسٹس آف پاکستان اور عدالتی فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو ہی ایوان بالا نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔قرارداد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں صرف 14 ارکان موجود تھے، قرارداد کے وقت سینیٹ میں کورم پورا نہیں تھا۔منظور کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ ملک میں سیکیورٹی کے حالات انتہائی خراب ہیں، مختلف علاقوں میں موسم سرما اپنی انتہا پر ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں، فروری میں ہونے والے انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔قرار داد کے متن کے مطابق موزوں وقت تک الیکشن کمیشن انتخابات ملتوی کرے۔