لاہور ( این این آئی) اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی سابقہ اداکارہ نور بخاری اب سیاست کے میدان میں انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔سابقہ اداکارہ نور استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے آئی پی پی کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشست کے لیے کاغذات جمع کروا دیئے۔
نور بخاری کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی ہے ۔ سابقہ اداکارہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے خود پنجاب الیکشن کمیشن آفس پہنچیں ہیں۔سابقہ اداکارہ نور بخاری استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی اہلیہ ہیں، نور ماضی میں شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام رہی ہیں، بیشمار فلموں میں انہوں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔کچھ برس قبل شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی نور بخاری کی 4 شادیاں ناکام ہوچکی ہیں۔
ان کی پہلی شادی 2008میں وکرم نامی بزنس مین سے ہوئی تھی لیکن 2 سال بعد انہوں نے طلاق لے لی تھی۔41سالہ نور کی دوسری شادی 2010ء میں ہی فاروق مینگل سے ہوئی جو کہ ایک سال سے بھی کم عرصہ چل سکی، انہوں نے تیسری شادی عون چوہدری سے 2012ء میں کی تھی لیکن وہ بھی صرف چند ماہ ہی چل سکی۔ان کی چوتھی شادی بھی 2 سال سے کم عرصے تک چلی اور ستمبر 2017ء میں ان کی چوتھی شادی ختم ہوگئی۔اس کے بعد 2019ء کے اختتام پر نور بخاری کی پانچویں شادی کے حوالے سے خبریں گردش کرنے لگیں۔ انہوں نے پانچویں شادی اپنے تیسرے شوہر یعنی عون چوہدری سے کی ہے۔خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں نور بخاری اور عون چوہدری نے عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔ اس حوالے سے سابقہ اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کو آفیشل انسٹاگرام اکائونٹ کے ذریعے آگاہ کیا۔