راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کے نواحی علاقے دھمیال میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ذرائع کے مطابق 3 فائر ٹینڈرز سمیت 6 ایمرجنسی گاڑیاں آگ بجھانے کے آپریشن میں مصروف رہیں ،مزید گاڑیاں طلب کر نا پڑیں ۔ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق گیس لائن، آئل لائن اور ایک گھر کو آگ لگی ۔
عینی شاہدین کے مطابق گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ نے متعدد گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو حکام نے کہا کہ ریسکیو فائر فائٹرز نے آگ کو محدود کر دیا ہے، آگ کو مکمل بجھایا جاتا ہے تاہم پھر بھڑک اٹھتی ہے، پائپ لائن کی سپلائی بند کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو اطلاع کر دی ہے۔حکام کے مطابق علاقہ مکینوں کو گھروں سے نکال دیا گیا ، آگ کے باعث ابھی تک کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا، متاثرہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔