راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) کے جاری امریکہ دورے کے دوران اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں ہوئیں ،
ان اہم ملاقاتوں میں انٹونی جے بلنکن(سیکرٹری آف سٹیٹ)، جنرل لائیڈ جے آسٹن (ریٹائرڈ) سیکرٹری دفاع کے ساتھ ساتھ وکٹوریہ نولینڈ(نائب وزیر خارجہ)، جوناتھن فائنر(نائب قومی سلامتی مشیر) اور جنرل چارلس کیو براؤن, چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف شامل تھے ۔ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی، دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اْمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔
آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کی دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں ۔ آخر میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں اور افواج کی پاکستان کیلئے خدمات کو سراہا – آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے لئیے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کیا۔