کراچی(این این آئی)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملزمان کو پکڑنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حامل فیشل ریکگنیشن سسٹم بند کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نصب کیا گیا فیشل ریکگنیشن سسٹم بند کر دیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ملزمان کو پکڑنے کے لیے یہ نظام پہلے مرحلے میں کراچی ایئرپورٹ پر لگایا گیا تھا۔
انٹرنیشنل ڈیپارچر پر اس سسٹم کی تنصیب کے بعد اسے ڈومیسٹک ڈیپارچر پر بھی نصب کیا جانا تھا تاہم ذرائع نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر تعینات حکام کی عدم دلچسپی کے باعث فیشل ریکگنیشن سسٹم غیر فعال ہو گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ سسٹم معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔فیشل ریکگنیشن نظام فعال کرنے کا مقصد ای سی ایل اور اسٹاپ لسٹ میں شامل ملزمان کے علاوہ کسی بھی پولیس اسٹیشن پر ایف آئی آر میں نامزد مفرور ملزمان کو پکڑنا تھا۔واضح رہے کہ فیشل ریکگنیشن سسٹم کراچی ایئرپورٹ پر چند ماہ قبل تمام کیمروں سے منسلک کر کے فعال کیا گیا تھا۔