کراچی(این این آئی) شہر قائد کے سب سے بڑے جناح اسپتال کے کئی وارڈز برسوں سے بغیر سربراہوں کے چلنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جناح اسپتال کے مختلف وارڈز میں کئی برس سے فیکلٹی پروفیسرز موجود نہیں ہیں اس کے علاوہ یومیہ ہونے والے درجنوں آپریشنز کی تعداد صرف چند ایک رہ گئی ہے۔
ڈائریکٹر جناح اسپتال پروفیسر شاہد رسول نے اس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جناح اسپتال میں 2 ہزار اسٹاف کی فوری بھرتی کی ضرورت ہے جبکہ اسپتال میں 236کنسلٹنٹس، 227 اسپیشلسٹ کی ضرورت ہے۔جناح اسپتال کی ڈائریکٹر نے کہا کہ 100 اسپشلسٹ کیڈر ڈاکٹرز ، 878 اسٹاف نرسز، 584 پیرا میڈیکل ٹیکنیشنز کی ضرورت ہے، حکومت سے اجازت مل گئی ہے، جلد بھرتیاں شروع کرینگے۔