اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے امریکی کانگریسی خط کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں تمام شہریوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ کیا جا رہا ہے، 9 مئی کے واقعات کے بعد تمام اقدامات پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق ہو رہے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دور ان امریکی کانگریس کے خط کو حقائق کے برعکس قرار دیدیا۔
انہوں نے کہاکہ امریکی کانگریس کی طرف سے بھیجے گئے حقائق خط میں درست نہیں پاکستان میں تمام شہریوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ کیا جارہا ہے ،نو مئی کے پرتشدد واقعات پرتمام اقدامات آئین و قانون کے مطابق ہورہے ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان دوطرفہ سیاسی مشاورت کیلئے 31 مئی سے یکم جون تک آذربائیجان اور جارجیا کا دورہ کریں گے۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ آصف درانی کی وزیراعظم کا نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، آصف درانی افغانستان، ایران اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔