اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک کووڈ۔ 19 اور متعدد وبائی امراض کی ویکسین میں مل کر ریسرچ کریں گے۔وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجیل سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جنیوا میں ان سے ملاقات کی۔
وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی گزشتہ آٹھ ماہ میں سعودی ہم منصب سے یہ دوسری ملاقات تھی۔ ملاقات میں پاکستان کے جنیوا میں تعینات اقوام متحدہ کے نائب مندوب زمان مہدی بھی موجود تھے۔ملاقات میں صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ پاکستان اور سعودی عرب کا صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی وزیر صحت کا پاکستان کیساتھ وبائی امراض اور ہیلتھ سکیورٹی کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کا ادارہ موثر انداز میں وباوں سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور میڈیکل ٹیکنیشنز کو سعودی عرب میں زیادہ مواقع دینے پر اتفاق کیا ہے۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ دونوں ممالک کووڈ۔ 19 اور متعدد وبائی امراض کی ویکسین میں مل کر ریسرچ کریں گے۔ عبدالقادر پٹیل نیسعودی عرب کے تعاون سے گلوبل ہیلتھ سیکورٹی کے حوالے سے اسلامی ممالک میں صحت سیکورٹی کا جال بچھانے پر زور دیا ہے۔سعودی وزیر صحت نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سکیورٹی اور گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کے معاملا ت پر پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ۔