چترال (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت بنا کر اٹھارہویں ترمیم پر عملدرآمد کرونگا، ہم پی ڈی ایم حکومت میں اس لیے کامیاب نہیں ہوئے اس کی وجہ ہمارے اتحادی خدمت کرنے کے بجائے اپنا ذاتی دشمنیوں پر توجہ دے رہے تھے،بے نظیربھٹوکے نامکمل مشن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں،
جس سمت میں ہمارا ملک چل رہا ہے اس سے مسائل میں کمی نہیں اضافہ ہوگا،جب نواز شریف کی حکومت بنتی ہے تو اشرافیہ کی حکومت ہوتی ہے،مجھے اعتراض پرانے سیاستدانوں پرنہیں ، 70سال پرانی سیاست کرنے پر ہے،عوام کا مطالبہ ہے پرانے سیاستدانوں سے جان چھڑائیں، پرانے سیاستدان سیاست چھوڑیں،گھر یا مدرسے میں بیٹھ جائیں اور دعا کریں،آصفہ کو مناؤں گا کہ وہ چترال کی نشست سے الیکشن لڑیں۔
بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چترال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنا کامیاب کنونشن کرانے پر پارٹی کے کے پی اور چترال کی تنظیم کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارٹی انتخابات جیتنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ چترال ان کیلئے کسی جگہ کا نام نہیں بلکہ ان کے خاندان کا حصہ ہے،یہ وہ جگہ ہے جہاں سے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو منتخب ہوئی تھیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ چترال کی خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہیں، انہوںنے کہاکہ چترال کے علاقے کے بہت سارے مسائل ہیں جن کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔