لاہور ( این این آئی)متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسلامی ممالک فوری طورپر اپنی فو جیں فلسطین بھیجیں،
فلسطینیوں کیساتھ دھائیوں سے بربریت کی جارہی کسی نے اسرائیل کو روکنے کی کوشش نہیں کی،فلسطین کا وجود ختم کرنے کا دعوئے کرنیوالوں کا ان شاء اللہ خود دنیا سے وجود ختم ہوجائے گا۔انہو ں نے کہاکہ غزوہ ہند کا آغاز ہوچکا ہے عالمی قوتوں نے اسرائیل کو جنگی جرائم میں سزا اور ہزاروں مسلمانوں کی شہادت کا انصاف نہیں دلایا تو پھر امریکہ اور اسرائیل کا وجود ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگا،
دنیا میں پائیدار امن قائم کرنا ہے تو طاقتور ممالک کو انصاف کی بالادستی قائم کرنا ہوگی،اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں فلسطین اور کشمیر کے عوام کو حق آزادی دینا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ دفاعی سازوسامان میں واضح برتری کے باوجود شرمناک شکست اسرائیل کامقدر جبکہ فلسطینیوں کی شاندارجیت اورآزادی نوشتہ دیوار ہے۔