مقبوضہ غزہ(این این آئی)ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران پھنسے شہریوں کی حفاظت کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ چاہے وہ انخلا کی کوشش کر رہے ہوں یا اپنی جگہوں پر موجود رہیں انہیں تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ڈائریکٹر ولیم شومبرگ نے کہا کہ پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ایک ناقابل برداشت انسانی المیہ ہے۔
کمیٹی کی ٹیموں کے پاس شمالی علاقوں میں نقل مکانی کرنیوالوں کی حفاظت کی تیاریوں اور انتظامات کا فقدان ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ آئی سی آر سی کو ان خطرناک اور غیر محفوظ حالات پر گہری تشویش ہے جن کے تحت شہریوں کو نکالا جا رہا ہے۔ شومبرگ نے مزید کہا کہ ایک لاکھ بے گھر افراد میں پناہ گاہ، خوراک، پانی اور حفظان صحت کی فراہمی جیسی ضروریات کا فقدان ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ صورتحال تیزی سے انسانی تباہی کے دہانے کے قریب پہنچ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ غزہ کے جنوبی علاقے میں وہاں پہنچنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضروری وسائل کی کمی ہے اور ملنے والی انسانی امداد کی رقم بالکل ناکافی ہے۔غزہ میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹی ایک غیر جانبدار ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے اور غزہ میں طبی سہولیات کے انخلا کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہے۔