اسلام آباد(این این آئی)حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ایک بار پھر تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن بڑھا دئیے اور پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف سے محروم رکھا،ڈیزل پر پانچ روہے فی لیٹر لیوی بڑھانے کے ساتھ ساتھ پچیس پیسے کا ایکسٹرا مارجن بھی عائد کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نگران حکومت نے عوام کی امیدوں پر ایک بار پھر پانی پھیر دیا۔ڈیزل پر 6روپے 44پیسے اور پیٹرول پر 3 روپے سے زائد کا ریلیف عوام کو نہیں دیا گیا گیا۔
ڈیزل پر لیوی کی شرح میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کر کے 60 روپے فی لیٹر جبکہ 25 پیسے کا ایسکٹرا مارجن بھی عائد کیا گیا ، ڈیزل پر ڈیلر مارجن 41 پیسے بڑھا کر8.64 روپے ہو گیا۔ پیٹرول پر او ایم سی مارجن میں 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے7.87 روپے کر دیا گیا ۔ پیٹرول پر ڈیلر مارجن بھی 41 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا، اب ڈیلر مارجن فی لیٹر8.64 روپے ہو گیا ہے ۔پیٹرول پر 60 روپے فی لیٹر لیوی برقراررکھی گئی ہے۔دستاویز کے مطابق ڈیزل پر بھی تیل کمپنیوں کا مارجن 47 پیسے کا اضافہ کیا گیا اورنئی شرح 8.12 روپے مقرر کر دی گئی۔