کولکتہ(این این آئی)آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دیکر ایک بار پھر پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔ بنگلادیشی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔کولکتا میں گرین شرٹس نے کھیل دکھایا، رنگ جمایا اور بنگلادیش کو پہلے کم رنز تک محدود کیا اور پھر 33اوور میں ہدف حاصل کرکے رن ریٹ بھی بہتر کیا اور ٹیبل پر ایک بار پھر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔
بھارتی ٹیم 12پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے، سائوتھ افریقا سب سے بہتر رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اگر وہ اپنے اگلے تینوں میچز بھی ہار جائے تو اس کا رن ریٹ مائنس میں جانا مشکل دکھائی دے ریا ہے۔نیوزی لینڈ کے چھ میچز میں آٹھ پوائنٹس ہیں۔پاکستان کی امیدیں ساوتھ افریقا نیوزی لینڈ سے بنی ہیں نیوزی لینڈ کی شکست پاکستان کو فائدہ پہنچا سکتی ہے کیونکہ گرین شرٹس کا اگلا میچ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
شکست کی صورت میں نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں جانے کے لئے وہ میچ بہتر رن ریٹ سے جیتنا ہوگا۔ یہ امید بھی رکھنی ہوگی کہ آسٹریلیا اپنے اگلے تین میں سے دو میچز ہار جائے لیکن آسٹریلیا کو انگلینڈ، افغانستان اور بنگلادیش سے کھیلنا ہے جس میں سے دو میچز کم از کم جیتنے کی اہلیت رکھتی ہے۔اگر افغانستان نے آسٹریلیا کو ہرایا تو اس کا فائدہ بھی پاکستان کو ہوگا لیکن ایسی صورت میں افغانستان بھی پانچ میچز جیت کر دس پوائنٹس حاصل کرسکتا ہے کیونکہ اس کا اگلا میچ نیدر لینڈز سے ہے۔نیدرلینڈز افغانستا ن کو ہرادے لیکن اس اگر مگر سے پہلے پاکستان کو پہلے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو ہرانا ہوگا۔