لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے انکشاف کیا ہے کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر ان کے مقروض ہیں، انہوں نے ان سے کپڑے خریدنے کے لیے رقم لی تھی جو اب بھی واجب الادا ہے۔گزشتہ دنوں ثقلین مشتاق نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کرکٹ کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
میزبان کے ایک سوال پر انہوں نے شعیب اختر کی تصویر دیکھتے ہوئے انہیں شعبی اور شعیب ایکٹر کے لقب سے پکارا اور بتایا کہ وہ دونوں کرکٹ کھیلنے سے بھی قبل بلکہ بچپن سے ہی دوست ہیں۔ دونوں کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا لگا رہتا تھا اور ایک ساتھ دال روٹی کھایا کرتے تھے۔دوران گفتگو انہوں نے شعیب اختر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت جذباتی انسان ہیں، خود مذاق کرلیتے ہیں لیکن کوئی دوسرا مذاق کرے تو برا مان جاتے ہیں۔
ثقلین مشتاق نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب شعیب اختر نے ان سے 250 روپے کپڑے خریدنے کی خاطر ادھار لیے تھے جو اب تک واپس نہیں کیے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ دونوں 25افراد کی ٹیم کے ہمراہ کراچی میچ کھیلنے کے لئے آئے تھے، اس وقت ایک کمرے میں دو کھلاڑیوں کو رہنا پڑتا تھا، میں اور شعیب ایک ہی کمرے میں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہمیں ڈیلی الائونس نہیں ملتا تھا، ہم ڈیڑھ دو ہزار روپے لے کر گھر سے نکل جاتے تھے ، میرے پاس اس رقم میں سے 250 روپے باقی تھے جبکہ شعیب اختر کے پیسے ختم ہوچکے تھے۔ تاہم ایک فلم دیکھنے کے بعد شعیب اختر کو نئے پینٹ شرٹ خریدنے کی خواہش ہوئی تو انہوں نے بقیہ رقم سے وہ کپڑے خریدے۔ثقلین مشتاق نے مزید بتایا کہ شعیب اختر کو شاپنگ کا بہت شوق تھا، ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی ڈرتے تھے کہ کہیں وہ ان سے پیسے ادھار نہ مانگ لیں۔