مکوآنہ (این این آئی) 50 فیصد پاکستانیوں نے نواز شریف کی وطن واپسی کو ملکی مستقبل کیلئے بہتر قرار دیدیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیلپ سروے میں 30 فیصد پاکستانیوں نے ملکی معاشی بحران کے حل کے لیے نواز شریف سے اُمید باندھ لی جبکہ 22 فیصد نے پی ٹی آئی چیئرمین کو واحد امید کہا۔ سروے میں 38 فیصد پاکستانیوں نے نواز شریف کی وطن واپسی کو ڈیل کا نتیجہ قرار دیا البتہ 27 فیصد نے اس رائے کو رد کر دیا۔
گیلپ سروے میں ملکی ترقی کے لیے نواز شریف کو چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مشورہ دیا۔ سروے کے مطابق نواز شریف کی مینار پاکستان پر تقریر 34 فیصد پاکستانیوں نے سنی، 80 فیصد نے تقریرکی تعریف کی جبکہ 50فیصد پاکستانیوں نے نواز شریف کی وطن واپسی کو ملکی مستقبل کے لیے بہتر قرار دیا۔سروے میں51 فیصد نے ن لیگ کے لیے آئندہ عام انتخابات میں جیتنی میں بھی مدد گار ثابت ہونے کا کہا جبکہ 70 فیصد مفاہمت کے بھی حامی نظر آئی
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ستمبرکے آخری ہفتے میں بھی گیلپ سروے کے اعداد و شمار جاری کیے گئے تھے، جس میں عمران خان کو مقبول ترین لیڈر قرار دیا گیا تھا، جبکہ اس وقت ان کے سیاسی حریف نواز شریف کا نمبر پانچواں تھا۔ اس وقت کے سروے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما کے طور پر اپنی پوزیشن بنانے میں کامیاب رہے، انہیں 60 فیصد ووٹ ملیتحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی نے دوسرے اور پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی تیسرے نمبر پر اپنی پوزیشن بنا سکے
جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرسکے جبکہ مریم نواز ساتویں نمبر پر آئی تھیں۔سروے میں کہا گیا تھا کہ 88 فیصد افراد نے پاک فوج کو ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ قرار دیا جبکہ کارکردگی کے اعتبار سے فوج کے حق میں عوامی رائے قدرے مایوس کن رہی۔ سروے کے مطابق 57 فیصد عوام نے فوج کی کارکردگی پر اپنی مثبت رائے دی۔سروے میں بتایا گیا تھا کہ میڈیا اور عدالتیں بطور ادارہ 56-56 فیصد عوامی حمایت حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آئے جبکہ الیکشن کمیشن 42 فیصد ہی عوامی حمایت حاصل کرسکا۔