چنئی( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان نے انتہائی اہم میچ میں پاکستان کو شکست دے دی، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، بابراعظم نے 74 رنز بنائے اور عبداللہ شفیق 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔افغانستان نے 283 رنز کا ہدف انچاس اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، اس طرح افغانستان نے ورلڈ کپ میں پہلی بار پاکستان کو شکست دی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئی سی سی ورلڈ کپ (ٹی ٹونٹی اور ون ڈے) میں 1000 رنز مکمل کرلیے۔بابراعظم قومی ٹیم کے سابق لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد کے بعد ورلڈ کپ میں 1000 رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں، انہوں نے پیر کو چنئی میں افغانستان کیخلاف میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔جاوید میانداد نے یہ کارنامہ 28اننگز میں انجام دیا تھا جبکہ بابر اعظم نے 26 ویں اننگز میں انجام دیا ہے۔بابراعظم اس وقت اپنا چوتھا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔
وہ ورلڈ کپ 2019، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 بھی کھیل چکے ہیں۔بابراعظم نے 2019 کے ورلڈ کپ میں آٹھ اننگز میں 474 رنز بنائے تھے جو میگا ایونٹ کی تاریخ میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور تھا۔قومی ٹیم کے کپتان رواں ورلڈ کپ میں 5میچز کے دوران اب تک صرف 157 رنز بناسکے ہیں جس میں افغانستان کے خلاف 74 اور روایتی حریف بھارت کے خلاف 50 رنز اسکور کیے۔بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف 18 رنز، سری لنکا کے مقابلے میں 10 رنز اور نیدرلینڈز جیسی کمزور ٹیم کے سامنے صرف 5 رنز بنائے تھے۔