لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے چینی کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے حکم دیا ہے کہ صوبے میں پنجاب حکومت چینی کی قیمتیں مقرر کرے گی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔عدالت کے فیصلے کے مطابق صوبے میں پنجاب حکومت چینی کی قیمتیں مقرر کرے گی۔
لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی سیکرٹری کنٹرولر جنرل پرائس کا چینی کی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔دو رکنی بنچ کی جانب سے 27صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی حد تک پرائس ایکٹ 1977 کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ شوگر ملز کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوںکے تعین کا اختیار صوبوں کا ہے ۔ پرائس کنٹرول ایکٹ1977وفاق کی حدود تک ہے یا باہر سوال سامنے نہیں آیا ۔ ایکٹ کے تحت وفاق اور صوبائی افسران کا عمل کرنا قانون کے خلاف ہے ۔