لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطن واپسی پر نواز شریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے،(ن) لیگ نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور پنجاب ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور معیشت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں تاجروں نے شہبازشریف کو درپیش معاشی مشکلات سے بھی آگاہ کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام پاکستان کو درپیش مشکلات کی اصل وجوہات سے آگاہ ہیں ، وطن واپسی پر نواز شریف معاشی مشکلات کے حل اور آگے بڑھنے کا جامع ایجنڈا پیش کریں گے۔ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ آپ کے کام اور انتھک محنت سے بہت متاثر ہیں ، آپ نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا کر قوم پراحسان کیا ،مشکل معاشی صورتحال میں حکومت سنبھال کرملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ لاہور کے تاجر سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بھرپور تاریخی استقبال کریں گے۔