اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں،کشمیریوں اور پاکستانیوں کے مجرم عوام کے قہر سے بچ نہیں سکتے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کا مشاورتی اجلاس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے وڈیو لنک کے ذریعے کی ۔ اجلاس میں قائد محمد نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی ۔مریم نوازشریف نے کہاکہ عوام کی امید نواز شریف وطن واپس آرہے ہیں، نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے مجرم عوام کے قہر سے بچ نہیں سکتے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے آ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے ہی عوام کو ہمیشہ ریلیف دیا ہے۔اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز شریف کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی گئی ۔ شرکاء نے کہاکہ نواز شریف کی آمد سے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔