ڈیر ہ اسماعیل خان ( این این آ ئی)جے یو آئی کے مرکزی امیر و سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ،کسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں ،مسلمان کے خون کو حلال قرار دیکر قتل کرنا حرام ، باجوڑ دھماکہ کرنیوالے اسلام مخالف لوگوں کے ایجنٹ ہیں،
بریلویت کو شرک کہنا دارالعلوم دیوبند کا فتوی نہیں ،پشتونوں کو مذہب سے بیزار کرنے کیلئے عمران کو لایا گیا ،ملک سے انگریز تو چلا گیا مگر تابعداری و پیروی نہیں گئی ، عمران ،باجوہ ،فیض حمید نے ٹرمپ آفس میں بیٹھ کر مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا اب قوم کو دھوکہ دینے کیلئے ٹسوے بہا رہے ہیں ،
فوج کو فاٹا میں آپریشن کی اجازت دینے والے آج فوج کیخلاف نعرے بازی کر کے اپنا چورن بیچ رہے ہیں،افغانستان اور پاکستان باہمی اختلافات مل بیٹھ کر حل کریں ۔جے یو آئی کے مرکزی امیر و سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے یہ بات مفتی محمود مرکز پشاور میں جے یو آئی کی مجلس شوری و عمائدین جمعیت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
اجلاس کی صدارت صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاالرحمن نے کی ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مفتی محمود ؒکانفرس صوبے کی سیاست میں سنگ میل ثابت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے اس پر ہمیں کسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں مسلمان ہونا خود انسانیت ہے ہماری جماعت ہمارے اکابر سے ہمارے سپرد ہوئی ہے ان کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہے ہیں
ایک مسلمان کے خون کو حلال قرار دیکر اس کو قتل کرنا حرام اور سب سے بڑا گناہ ہے یہاں پر علما کرام کی بڑی تعداد موجود ہے علما اس مسئلے کو ممبر ومحراب سے بلاخوف وخطر بیان کریں اور کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ دھماکہ کرنے والے اسلام کے ایجنٹ نہیں بلکہ اسلام مخالف لوگوں کے ایجنٹ ہیں، بریلویت کو شرک کہنا دارالعلوم دیوبند کا فتوی نہیں ہے دوسروں کے مسالک کو مت چھیڑو۔
انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو مذہب سے بیزار کرنے کیلئے عمران خان کو لایا گیا عمران نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معاشرے میں بے حیائی پھیلائی اس مذہبی صوبے میں نوجوانوں کے اخلاقیات کو تباہ کیا نوجوانوں کو اپنے ہی بڑوں کے مقابلے میں لا کھڑا کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہر طرف بدامنی پھیلی ہوئی ہے ایسی صورتحال میں انتخابی مہم کیسے چلائینگے سندھ ڈاکووں کے اور کے پی کے طالبان کے حوالے ہے سیاسی عدم استحکام میں معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی،
ریاست معیشت کی بنیاد پر چلتی ہے ۔مولانا نے کہا کہ ہماری چیزوں کی قیمتوں کا تعین آئی ایم ایف کرتا ہے ٹیکس بھی وہ بڑھاتا ہے سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے عمران خان نے کیا جو کہ المیہ ہے عمران کے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے کی وجہ سے پاکستانیوں کو یہ دن دیکھنے پڑے ہم نے ڈیڑھ سال میں 16 ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے اور ملک کو دیوالیہ پن سے بچایا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک سے انگریز تو چلا گیا لیکن انگریز کی تابعداری و پیروی نہیں گئی
انہوں نے کہا کہ عمران خان ،باجوہ ،فیض حمید نے ٹرمپ کے آفس میں بیٹھ کر باہمی مشورے سے مقبوضہ کشمیر کو انڈیا کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا اب قوم کو دھوکہ دینے کیلئے ٹسوے بہا رہے ہیں ۔حالات نے ثابت کیا کہ فاٹا انضمام کا فیصلہ غلط تھا سیکولر قوتوں نے فوج کو فاٹا میں آپریشن کرنے کی اجازت دی آج یہی لوگ فوج کے خلاف نعرے بازی کر کے اپنا چورن بیچ رہے ہیں ۔مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور پاکستان باہمی اختلافات مل بیٹھ کر حل کریں جے یو آئی اس میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ کا اثرورسوخ کم کرنے کیلئے عوام کو جے یوآئی کا ساتھ دینا ہوگا۔