راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے سعودی عرب ہم منصب جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل فیاض بن حمید الرویلی اور ان کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، دفاع اور سلامتی کے معاملات سمیت دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سے قبل وفد نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی ملاقات کی۔