اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا اعلان چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ممبر کور کمیٹی اور رہنما پی ٹی آئی نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا کہ آئین 90 دن میں انتخابات کا کہتا ہے، اس سے آگے جانا غیرآئینی ہے۔نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، الیکشن کمیشن جیسے کام کر رہا ہے یہ آئینی ادارہ نہیں لگتا۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا اعلان کر تے ہوئے کہاکہ عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست دی جائے گی۔