پشاور(این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختون خوا کے سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔اس بات کا اعلان پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے مجھے صوبائی وزیرِ ریلیف بنایا تھا، آج کسی دبائو کے بغیر پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔سابق صوبائی وزیر کے پی کے اقبال وزیر نے کہا کہ ہر موقع پر پارٹی سے وفاداری کا ثبوت دیا، 9 مئی کو دلخراش واقعات پیش آئے، آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان دوستوں سے مشاورت کے بعد کروں گا۔انہوں نے کہا کہ جب پارٹی میں فارورڈ بلاک کی کوشش ہوئی تو پارٹی کا ساتھ دیا،
ملک سے وفاداری سیاست سے بالاتر ہے، عمران خان کی حفاظت کے لیے خود بنی گالہ اور زمان پارک گیا، ہمیشہ پارٹی قیادت سے وفاداری کا ثبوت دیا۔اقبال وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے دستبردار ہوتا ہوں، ملک کی سلامتی سے متصادم پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہمیشہ عمل کیا۔سابق وزیرِ خیبر پختون خوا نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں مجھے اربوں کی آفر ہوئی لیکن اسے ٹھکرا دیا تھا۔واضح رہے کہ اقبال وزیر عام انتخابات میں حلقہ پی کے 111 شمالی وزیرستان 1 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کے پی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔