کولمبو (این این آئی)ایشیا کپ ون ڈے میں کل جمعرات 14 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بڑا مقابلہ ہوگا جو فیصلہ کرے گا کہ ایونٹ کا فائنل بھارت کے ساتھ کون کھیلے گا، میچ پاکستانی ٹیم کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا ۔
گزشتہ روز بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ ہوا جس میں بھارت نے لنکن ٹائیگرز کو 41 رنز سے شکست دی جس کے بعد پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے۔اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل ہوتا ہے تو اس کے لیے پہلے پاکستان کو سری لنکا کو شکست دینا ہوگی تاہم پاکستانی شائقین سمیت قومی ٹیم پر خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں کیونکہ یہ میچ بھی کولمبو میں ہونا ہے جہاں 14 ستمبر کو بارش کے 86 فیصد امکانات موجود ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران بارش ہوگئی اور میچ نہ ہوسکا تو کون سی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرے گی؟اس کے جواب کے مطابق 4 پوائنٹس کے ساتھ بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ بنگلادیش اس ریس سے باہر ہوچکا ہے، سری لنکا اور پاکستان کے دو دو پوائنٹس ہیں۔فرض کرلیا جائے کہ اگر اس سیمی فائنل کے دوران مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا اور میچ نہ ہوسکا تو پاکستان اور سری لنکا کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا،
اس طرح دونوں کے تین تین پوائنٹس ہوجائیں گے تاہم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سری لنکا فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر کچھ صارفین یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ سیمی فائنل کی حیثیت کے باوجود سری لنکا اور پاکستان کے میچ کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔ڈی ایل ایس نتیجے پر مبنی میچ کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ٹیموں نے کم از کم بیس بیس اوورز کھیلے ہوں۔