اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے تحت سخت کارروائی کی توثیق کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں شرکا نے 9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
وفاقی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے تحت سخت کارروائی کی توثیق کر دی، شرکاء نے شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے پر زور دیا۔ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے رائے دی کہ فوجی املاک کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں چلایا جائے جبکہ سول املاک کا ٹرائل سول عدالتوں میں چلایا جائے، جن شہروں میں فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے فوجی عدالتیں وہیں پر قائم کی جائیں۔
کابینہ اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کو پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف نہ پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک ایران سرحد دورہ اور ایرانی صدر سے ملاقات پر کابینہ کا اعتماد میں لیا، ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور تجارتی امور پر وزیر اعظم نے کابینہ کو بریفنگ دی۔وفاقی کابینہ اجلاس میں قومی سپورٹس پالیسی کی منظوری نہ ہوسکی، قومی سپورٹس پالیسی پر وزراءکو مزید غور کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں ملک بھر میں مردم شماری سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، وفاقی کابینہ نے روڈ مکہ منصوبہ کی بھی توثیق کر دی۔