کولمبو (این این آئی)بھارت کے معروف اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے سری لنکا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے ہونے والی مختصر گفتگو کے بارے میں بتایا ہے کہ پریکٹس کے دور ان میں نے بابر کو روک کر کہا مجھے آپ کا بیٹ چاہیے۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں دیکھا گیا کہ بابر اعظم پریکٹس ختم کرکے جارہے ہوتے ہیں کہ انہیں بھارتی صحافی وکرانت گپتا روک لیتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ وکرانت گپتا بابر اعظم سے کچھ کہہ رہے ہیں جس کے جواب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی مسکرا کر جواب دیتے ہیں اور آگے نکل جاتے ہیں۔اب وکرانت گپتا نے اس مختصر ملاقات سے متعلق بتایا اور کہا کہ انہوں نے پاکستانی کپتان سے ایک فرمائش کی ہے۔بھارتی صحافی نے کہا کہ جب پاکستان کی نیٹ پریکٹس ختم ہوئی تو میں کئی رضوان، شاہین سمیت بابر سے ملا، میں نے بابر کو روک کر ان سے ایک چیز مانگی اور کہا مجھے آپ کا بیٹ چاہیے۔
وکرانت گپتا نے کہا کہ میں دیکھ رہا تھا جب وہ بیٹنگ کررہے تھے تو ان کے بلے سے آواز ہی کچھ الگ آرہی تھی، بابر کو لگا ہوگا شاید میں نے انٹرویو لینے کے لیے انہیں روکا ہے تاہم میں نے ان سے کہا مجھے ایک چیز چاہیے جس پر بابر نے کہا جی؟ میں نے کہا مجھے آٹوگراف چاہیے۔بھارتی صحافی نے کہا کہ بابر کو لگا مجھے عام آٹوگراف چاہیے، میں نے کہا مجھے آپ کا بلا چاہیے، میں نے کہا مجھے بس یہ چاہیے، ان کا بہت زبردست بیٹ ہے۔وکرانت گپتا نے کہاکہ میں نے آج تک کسی بھارتی پلیئر سمیت کسی دوسرے کھلاڑی سے بیٹ نہیں لیا تاہم بابر سے مانگا ہے، اب دیکھتے ہیں وہ دیتے ہیں یا نہیں۔