لاہور( این این آئی)وفاقی حکومت کی ہدایت پر بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے بجلی چوروں کو فوری گرفتار کیا جائے گا،بجلی چوروں کے بجلی کے کنکشنز غیر معینہ مدت کے لیے منقطع کر دیئے جائیں گے۔
تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں وفاقی حکومت کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے لئے خصوصی ٹاسک فورسیں تشکیل دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ تمام ڈسکوز میں بجلی چوروں کی تلاش کے لئے سکیننگ اور چھاپوں کا آغاز کیا جائے گا۔ تمام ڈسکوز میں چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے اپنے اپنے ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان ٹاسک فورسز کی سربراہی ڈسکوز کے چیف انجینئرزآپریشنز کریں گے،
تمام سرکلز کے سربراہ انجینئرز کو اپنے اپنے لائن لاسز کے حوالہ سے بجلی چوری روکنے کے لئے ٹارگٹ دیئے جائیں گے۔ سرکلز میں تمام ایکسئنز کو ان کے علاقوں کے لائن لاسز کے حساب سے ٹارگٹ دیئے جائیں گے اور ایکسئنز اپنے ماتحت ایس ڈی اوز کو بجلی چوری کے خاتمہ کے لئے ٹارگٹ دیں گے۔ کریک ڈائون کے عملی آغاز کے بعد روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورس مرتب کی جائیں گی۔بجلی چوری کی اطلاع کے لئے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی اور اس کے لئے خصوصی نمبرز بھی جاری کئے جائیں گے۔