لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عباد فاروق نے پی پی 148سے تحریک انصاف کی ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ٹکٹ گالی دے کر یا آگ لگا کر ملنی ہے تو مجھے یہ ٹکٹ نہیں چاہیے ،ڈاکٹریاسمین راشد اور میاں محمود الرشید نے لبرٹی بلا کر کہا سب نے کور کمانڈر ہائوس جانا ہے اور وہاں آگ لگانی ہے ۔
یہ بات پی ٹی آئی کے پی پی 148سے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق کی سامنے آنے والی ویڈیو میں کہی گئی ۔ ویڈیو میں عباد فاروق کو سارے واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ جب عمران خان پکڑ ے گئے ہیں تو اس کے فوری بعد لیڈر شپ نے کال کی ،ڈاکٹر یاسمین راشد اورمیاں محمود الرشید نے ٹکٹ ہولڈرز کو لبرٹی چوک بلایا گیا اور ہمیں بتایا گیا کہ یہاں سے سب کے ساتھ مل کر کور کمانڈر ہائوس جانا ہے اور وہاں پر آگ لگانی ہے ۔
جو ہوا اچھا نہیں ہوا کیونکہ ہمیں کسی بھی ادارے کے خلاف اس طرح کی مہم نہیں چلانی چاہیے ، یہ ہمارے اپنے ادارے ہیں ، یہ ہمارا ملک ہے ، فوج ہو یا کوئی بھی ادارہ ہو ہمیں اس کی عزت کرنی چاہیے ،میں پی پی 148کی ٹکٹ واپس کرتا ہوں ، اگر ٹکٹ گالی دے کر یا آگ لگا کر ملنی ہے تو مجھے ٹکٹ نہیں چاہیے ،مجھے اگر اللہ نے موقع دیا تو میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا۔