پشاور(این این آئی)گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمدابراہیم خان سے بطور مستقل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اُن کے عہدہ کا حلف لے لیا۔
جمعہ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ پروقار تقریب حلف برداری میں قائمقام چیف جسٹس محمدابراہیم خان نے بطورمستقل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدہ کا حلف اٹھا یا۔تقریب میں نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک تھے۔
تقریب میں سیکرٹری قانون خیبرپختونخواشگفتہ نوید نے قائمقام چیف جسٹس محمدابراہیم خان کی مستقل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی حیثیت سے تقرری کا صدارتی اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔گورنر نے اس موقع پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمدابراہیم خان کو مبارکباد پیش کی اورنیک خواہشات کا اظہارکیا۔
تقریب حلف برداری میں نگران صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل سمیت دیگر نگران صوبائی وزراء ،پشاور ہائیکورٹ کے ججز، وکلاء ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان اور مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔