کراچی(این این آئی)سندھ حکومت کی جانب سے صحت کے اداروں کو اربوں روپے کی مالی امداد کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔سندھ کی نگراں انتظامیہ نے حکومتی گرانٹ لینے والے صحت کے تمام اداروں کا آڈٹ کروانے کا حکم دے دیا۔ آڈٹ پرائیویٹ ادارے سے کروایا جائے گا، ایک ارب سے زائد گرانٹ لینے والے اداروں کو بھی آڈٹ کروانا لازمی ہو گا۔
سندھ کی نگراں حکومت نے حکم دیا ہے کہ اچھی شہرت والے پرائیویٹ ادارے سے گرانٹ کا آڈٹ کرائیں، ایک ارب سے زائد گرانٹ لینے والے ادارے بھی 4 بڑی کمپنیوں میں سے ایک سے گرانٹ کا آڈٹ کرائیں۔سندھ حکومت سے گرانٹ لینے والے صحت کے اداروں میں 34 سرکاری و غیرسرکاری اسپتال اور این جی اوز شامل ہیں۔نگراں صوبائی حکام نے سندھ حکومت سے گرانٹ لینے والے طبی اداروں کو سندھ حکومت کی تشہیر کا بھی حکم دیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ گرانٹ لینے والے ادارے اپنی اسٹیشنری پر سندھ حکومت کا لوگو چھاپیں، گرانٹ لینے والے ادارے 1 فیصد سے کم رقم سندھ حکومت کی تشہیر پر بھی خرچ کریں۔