ممبئی (این این آئی)بھارت کے کمنٹیٹر، تجزیہ کار اور سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کی ہے۔حال ہی میں ایک بھارتی شو میں گفتگو کے دوران معروف کمنٹیٹر نے کہا کہ ورلڈکپ 2023 کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا اور میزبان بھارت کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم انڈیا مضبوط ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مرحلے تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور پھر بھارت کو ہوم گراؤنڈ کا بھی فائدہ ہوگا، اسی لیے انڈیا فیورٹ ہے۔آکاش چوپڑا کا پاکستانی ٹیم سے متعلق کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم ایک روزہ میچوں میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے ورلڈکپ کے سیمی فائل میں جگہ بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اپنی مستقل مزاجی اور آسٹریلوی ٹیم اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں کی وجہ سے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرسکتی ہے۔آکاش چوپڑا کے مطابق اگر ان میں سے کوئی ایک بھی ٹیم سیمی فائنل میں نہ پہنچی تو یہ یقیناً حیران کن ہوگا، انہوں نے نیوزی لینڈ کو بھی شاندار ٹیم قرار دیا اور کہا ہوسکتا ہے کیویز سیمی فائنل میں پہنچ جائیں۔واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ 2023 اکتوبر نومبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا۔