ریاض(این این آئی )سعودی عرب میں ثقافت اور تعلیم کی وزارتوں نے موسیقی کے فنون کی تربیت کے لیے کنڈرگارٹن خواتین اساتذہ کے لیے کوالیفائنگ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
اس پروگرام میں 8 ہزار معلمات کو شامل کیا جائے گا۔ یہ پروگرام موسیقی کی اتھارٹی اور کنڈرگارٹن کی تربیت کے ماہرین کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پروگرام کے دوسرے مرحلے کا مقصد سرکاری اور نجی سکولوں کے 8 ہزار کنڈرگارٹن معلمات کو تربیت دینا ہے۔
یہ پروگرام اگلے ستمبر سے لگاتار چار ہفتوں کے لیے شروع ہو گا۔یہ تربیت اساتذہ کی قابلیت کو فروغ دینے اور بچوں کو ہدایت کی جانے والی موسیقی کی سرگرمیوں کے نفاذ سے متعلق ان کی علمی اور کارکردگی کی مہارتوں کو تیار کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ آواز اور متعلقہ اصطلاحات کی خصوصیات کی نشاندہی کرکے بچے کی شخصیت کی تعمیر کی جائے گی اور اس کے جمالیاتی ذوق کو تشکیل دیا جا سکے گا۔مئی میں اس پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں 7 ہزار معلمات کو موسیقی کی تربیت دی گئی تھی