اسلام آباد (این این آئی)بجلی بلوں میں انکم ٹیکس سمیت بھاری ٹیکسز کی وصولیوں کے معاملے پر نیپرا نے نوٹس لے لیا جبکہ بجلی صارفین سے ٹیکسز کی وصولی کے حوالے سے جائزہ سیشن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ،بجلی بلوں میں ٹیکسز کی وصولیوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے لی جائے گی،
نیپرا سیشن سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو نوٹس جاری کرے گا ، ٹیکسز کی وصولیوں سے متعلق معاملہ دوران سماعت صارفین کی جانب سے اٹھایا گیا ۔دوسری جانب پاور ڈویژن حکام نے جواب دیاکہ پاور ڈویژن خود کوئی ٹیکس وصول نہیں کرتا، ،ٹیکسز وزارت خزانہ ایف بی آر وصول کرتا ہے ۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق بہتر ہے اس معاملے پر وزارت خزانہ یا ایف بی آر کو بلا لیا جائے ۔ پاور ڈویژن حکام نے بتایاکہ بجلی صارفین سے قوانین کے تحت ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں، کس صارف سے کتنا انکم ٹیکس وصول کرنا ہے وہ انکم ٹیکس لاء میں درج ہے۔نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے کتنے ٹیکسز وصول کئے جارہے اسکی تفصیلات جمع کروائی جائیں ،اتھارٹی معاملہ پر الگ سے سیشن رکھے گی تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنا جائے گا۔