تہران(این این آئی )مشرق وسطی میں مغربی حمایت یافتہ بحریہ نے تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز سے سفر کرنے والی جہاز رانی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان متنبہ رہیں اور گرفتاری سے بچنے کے لیے ایرانی علاقائی پانیوں میں نہ جائیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اسی طرح کی وارننگ اس سال کے شروع میں بھی شپنگ کمپنیوں کو دی گئی تھی۔ اس سے پہلے کہ ایران نے آبنائے فارس کے تنگ حصے سے دو بحری ٹینکرز کو پکڑ لیا تھا۔ یاد رہے دنیا کا 20 فیصد تیل آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے۔مشرق وسطی میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ترجمان ٹموتھی ہاکنز نے انتباہ کو تسلیم کیا لیکن اس کے بارے میں تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔
ہاکنز نے کہا کہ ایک امریکی حمایت یافتہ میری ٹائم تنظیم ، جسے انٹرنیشنل میری ٹائم سیکیورٹی کنسٹرکٹ کہا جاتا ہے، موجودہ علاقائی تنا کی بنیاد پر پکڑے جانے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے علاقائی بحری جہازوں کو مناسب احتیاطی تدابیر کے بارے میں مطلع کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ بحری جہاز ایرانی علاقائی پانیوں سے زیادہ سے زیادہ دور گزریں۔یورپی یونین کی زیر قیادت ایک میری ٹائم تنظیم جو آبنائے میں جہاز رانی کی نگرانی کرتی ہے نے اگلے 12 سے 72 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز میں کسی نامعلوم تجارتی جہاز پر ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔