نوابشاہ(این این آئی)نواب شاہ کے قریب مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی،حادثے میں 30سے زائد مسافر جاں بحق اورسینکڑوں مسافر زخمی ہوگئے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ،حادثے کے بعد ضلع بھر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ،پاک فوج رینجرز ریسکیو اداروں سمیت شہری امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے پہنچے ،حادثے کے وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے قریبی علاقے سرہاڑی میں افسوسناک واقع میں کراچی سے حویلیاں(خیبرپختونخوا) جانے والی مسافر ٹرین ہزار ایکسپریس ٹریک سے اتر گئی جس کے باعث ٹرین کی بوگیاں ایک دوسرے اوپر گر گئی جس کے نتیجے میں ٹرین میں سوار 30 سے زائد مسافر جاں بحق ہو گئے جبکہ سینکڑوں مسافر زخمی ہوگئے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جائے حادثے پر قیامت صغری کا منظر تھا
معصوم بچے اور خواتین زخموں سے چور تھی انہوں ریسیکو کرنے والا کوئی نہیں تھا حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی علاقوں کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ویران علاقے میں حادثہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر بھٹو شہریار میمن حادثے کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں امدادی کو ریسکیو کیا حادثے کی اطلاع پر پیپلز میڈیکل اسپتال اور ضلع بھر کے چھوٹے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور پیرائے میڈیکل اسٹاف کو طلب کر لیا گیا
پیپلز میڈیکل اسپتال لائے جانے والوں میں بعض زخمی مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے پیپلز میڈیکل اسپتال میں شہریوں کی بڑی تعداد خون دینے کے لئے پہنچ گئی ہے حادثے کی اطلاع پر پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور مسافروں کو ریسکیو کیا اور ان میں اشیا خوردونوش بھی تقسیم کیں۔ہزارہ ایکسپریس ٹرین میں ایک ہزار سے زائد مسافر سوار تھے۔