لاہور( این این آئی)چین کو پاکستان میں تیار کئے جانے والے سپورٹس کے سامان کی برآمدات5.53ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں ۔ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں پاکستان کو چین سے 5.53ملین ڈالر مالیت کے باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال برآمد کئے گئے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں اس کا حجم 4.22 ملین ڈالر تھا۔
اسی طرح کھیلوں کے آئوٹ ڈور گیمز، تیراکی/ پیڈلنگ پولز کے لیے سازوسامان کی برآمد0.3 ملین ڈالر سے تجاوز کرگئی جس میں اس سال بہتری کی توقع ہے۔چین میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا اثر و رسوخ بڑھانے اور نئی منڈیاں کھولنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے مینوفیکچرنگ ملک کی حیثیت سے چین کے پاس جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی، ایک بہت بڑا معاشی حجم اور ایک مکمل تجارتی نیٹ ورک ہے،
یہ سب پاکستان کی کھیلوں کے سامان کی صنعت کو اہم تبدیلیوں سے گزرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔چین کی جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی نے پاکستان کی کھیلوں کے سامان کی صنعت میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ تعاون کے ذریعے، پاکستانی مینوفیکچررز نے جدید ترین مشینری، پیداواری تکنیک، اور کوالٹی کنٹرول کے عمل تک رسائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے نہ صرف مصنوعات کے مجموعی معیار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ پیداواری کارکردگی میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے بین الاقوامی منڈیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کا موقع ملا ہے۔