اسلام آباد (این این آئی) 9مئی واقعات سے متعلق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف کیس میں سپریم کورٹ نے 3 اگست کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹارنی جنرل کسی سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے پہلے عدالت کو آگاہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف کیس میں سپریم کورٹ نے 3 اگست کی سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے ،2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ اپیل کا حق دینے کے لیے انہیں متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عدالت کے حکم کے بغیر کسی سویلین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل نہیں ہو گا جس پر عدالت کو اٹارنی جنرل کی اس یقین دہانی پر مکمل اعتماد ہے۔حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل کسی سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع کرنے سے پہلے عدالت کو آگاہ کریں گے جبکہ سپریم کورٹ فریقین کو سننے کے بعد مناسب آرڈر جاری کرے گی، کیس کی اگلی سماعت بینچ کی دستیابی پر مقرر کی جائے گی۔