لاہور( این این آئی) پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اگست کے پہلے ہفتے میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشوں کے امکانات ہیں۔ ترجمان کے مطابق دریائے راوی ، چناب اور ستلج کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔دریائے سندھ اور کابل کے بالائی علاقوں میں نسبتاًدرمیانے درجے کی بارشیں ہوں گی۔ اگلے 24 گھنٹے میں راولپنڈی ملتان ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
گجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد اورساہیوال میں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ترجمان کے مطابق منگلاڈیم 84فیصد اور تربیلا ڈیم 85فیصد پانی سے بھر چکے ہیں،چار سے چھ اگست کے درمیان دریائے جہلم میں منگلاکے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے ہدایت کی ہے کہ بارشوں اور متوقع سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ رہے، ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے،موسم اور پانی کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی حاصل کی جا رہی ہے۔