نئی دہلی(این این آئی)بھارتی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے برہموس سپرسونک کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی بحریہ کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ جدید ترین گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر INS Mormugao نے اپنے پہلے براہموس سپرسونک کروز میزائل کے تجربے کے دوران کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ جہاز اور اس کے طاقتور ہتھیار جودونوں دیسی ہیں،نے سمندر میں بھارتی بحریہ کے فائر پاور کی ایک اورشاندار مثال قائم کی ہے۔BrahMos Aerospace Pvt Ltd بھارت اور روس کاایک مشترکہ منصوبہ ہے جو سپرسونک کروز میزائل تیار کررہاہے جو آبدوزوں، بحری جہازوں، ہوائی جہازوں یا سطح زمین سے چلائے جا سکتے ہیں۔برہموس میزائل آواز کی رفتار سے تقریبا تین گنا زیادہ رفتار کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔ میزائل تجربے کا مقام واضح نہیں ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت نے گزشتہ سال جنوری میں میزائل کی تین بیٹریوں کی فراہمی کے لیے فلپائن کے ساتھ 375ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔