لاہور( این این آئی)نامور اداکارہ سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ میں عام زندگی میں ڈرامہ سیریل ’’بے بی باجی ‘‘کے کردار اسماء کی طرح نہیں ہوں ،اگر خواتین میں حوصلہ آجائے تو پھر وہ کوئی بھی قدم اٹھا سکتی ہیں۔ ایک انٹر ویو میں سنیتا مارشل نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ بہت ساری خواتین مجبور بھی ہیں،
ان کو سمجھ نہیں آتا کہ ہم کیا کام کریں گے، ہم اکیلے ہوجائیں گے کس طرح سے بچوں کو پالیں گے اور کیسے اکیلے زندگی گزاریں گے۔سنیتا مارشل نے کہا کہ لیکن اگر خواتین میں حوصلہ آجائے پھر کوئی بھی قدم اٹھا سکتی ہیں، مجھے یقین ہے کہ ہماری سوسائٹی میں اسما ء جیسی بہت ساری خواتین موجود ہیں لیکن ان کے لیے سبق یہی ہے کہ کوشش کریں کہ مالی طور پر خود مختار رہیں تاکہ آپ اپنا اچھا اور برا زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔
سنیتا مارشل ڈرامہ سیریل ’’بے بی باجی ‘‘میں اسما ء کا کردار نبھا رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر و اداکار حسن احمد نصیر ان کے شوہر کا کردار ادا کررہے ہیں۔ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ اسما ء شوہر کے ظلم و ستم کے باوجود بیٹے کی خاطر ان کے ساتھ گزر بسر کررہی ہیں۔