ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے سویڈش حکام کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور بعض انتہا پسندوں کو قرآن کریم کے نسخوں کو نذرآتش اور بے حرمتی کرنے کی بار بار اجازت دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو منظم طریقے سے اشتعال دلانے کا ایک عمل ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ وہ سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کریں گے اور مملکت کی جانب سے احتجاجی پیغام ان کے حوالے کریں گے جس میں سویڈش حکام کو ان ذلت آمیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام فوری اور ضروری اقدامات کی درخواست کی جائے گی، اقدامات جو تمام مذہبی تعلیمات اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب مذاہب کے درمیان نفرت کو ہوا دینے اور لوگوں کے درمیان بات چیت کو محدود کرنے والے ان تمام کارروائیوں کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔