واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے اسرائیل کے زیرانتظام چار کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ان کے اسپائی ویئر کو مبینہ طور پر حکومتوں نے مخالفین کے فون ہیک کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ تجارت نے اعلان کیا کہ یونان اور آئرلینڈ میں قائم انٹیلیکسا اور ہنگری اور شمالی مقدونیہ میں قائم سائٹروکس کے یونٹوں کو ان اداروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے،
جن کے ساتھ امریکی کاروبار نہیں کرسکتے اور امریکی قانون ان کے ساتھ کاروبار کرنے سے سختی سے روکتا ہے۔محکمہ تجارت کا کہنا تھا کہ انٹیلیکسا اور سائٹروکس نے آئی ٹی کے نظاموں میں دراندازی اور انھیں توڑنے کے لیے غلط کام کیا، جس سے دنیا بھر میں افراد اور تنظیموں کی نج کی زندگی اور سکیورٹی کو خطرات لاحق ہوگئے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے ایک بیان میں کہا کہ چاروں کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنا امریکی حکومت کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد تجارتی اسپائی ویئر سے پیدا ہونے والے خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس طرح کے اسپائی ویئرامریکا کے لیے واضح اور بڑھتے ہوئے کانٹر انٹیلی جنس اور سکیورٹی کے خطرات پیدا کرتے ہیں، جس میں امریکی حکومت کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت اور سلامتی بھی شامل ہے۔بلینکن نے کہا کہ اس اسپائی ویئر کو جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے بھی استعمال کیا گیا ہے ، جس میں سیاسی مخالفین کو ڈرانے اور اختلاف رائے کو دبانے کے لیے استعمال بھی شامل ہے۔