نیویارک (این این آئی)فلسطینی نژاد امریکی ماڈل جی جی حدید سے منشیات برآمد ہونے پر انہیں گرفتار کرنے کے بعد جرمانہ کر کے رہا کردیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 28 سالہ جی جی حدید 10 جولائی کو نجی طیارے پر کیمن آئی لینڈ اپنی دوست کے ہمراہ پہنچی تھیں جہاں ایئرپورٹ پر تلاشی لینے پر ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئی۔رپورٹس کے مطابق جی جی حدید اور ان کے ساتھ آنے والی دوست کے سامان سے مبینہ طور پر کسٹمز حکام کو منشیات اور اسے استعمال کرنے والی چیزیں ملی تھیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تلاشی کے بعد دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا جس کے کچھ دیر بعد ضمانت پر ان کو رہا کردیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق دونوں افراد کے پاس سے ملنے والی منشیات کی مقدار انتہائی کم تھی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 12 جولائی کو جی جی حدید اور ان کی دوست عدالت میں پیش ہوئیں جہاں ان پر فردِ جرم عائد کی گئی۔رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات کو کوئی سزا نہیں سنائی گئی تاہم ان پر 1 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔