دبئی (این این آئی)پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ سے متعلق دبئی میں میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور سری لنکا کرکٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق ایشیا کپ سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کے تفصیلات کا اعلان کل کیے جانے کا امکان ہے۔
ایشیا کپ کے پاکستان میں چار میچز ہی کھیلے جائیں گے، پاکستان میں میچز دو وینیوز پر کھیلے جانے کا امکان ہے، میٹنگ میں براڈ کاسٹنگ کے معاملات پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں ٹیموں کے آنے جانے اور دیگر ایشوز پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) شیڈول اور وینیوز کا باضابطہ اعلان کرے گا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ پاکستان میں 31 اگست سے شروع ہوگا جو 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔