نئی دہلی(این این آئی)بھارتی ریاست اوڈیشا کے ایک نیوز چینل نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی پہلی نیوز اینکر لیزا کو متعارف کروایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی نیوز چینل کی جانب سے حال ہی میں ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اے آئی نیوز اینکر لیزا نے انتہائی جاندار اور اعتماد کے ساتھ اپنا تعارف کروایا۔
اے آئی نیوز اینکر لیزا کے پاس متعدد زبانیں بشمول اوڈیا، انگریزی اور دیگر بولنے کی صلاحیت موجود ہے۔ریاست اوڈیشا سے تعلق رکھنے والے ٹی وی او ٹی وی نے لیزا سے متعلق جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیزا کی اوڈیا زبان میں مہارت کو مزید بڑھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی صحافت کے شعبے میں اے آئی پر مبنی نیوز اینکر، لیزا مصنوعی ذہانت کی حامل پہلی نیوز اینکر نہیں ہے،
دو سال قبل چین نے بھی اپنے اے آئی نیوز اینکر شنہوا کو متعارف کرایا تھا۔چینی اے آئی نیوز اینکر شنہوا تھری ڈی میں انسانی آوازوں، اشاروں اور طرز عمل کی نقل کر سکتا ہے۔دوسری جانب رواں سال کے آغاز میں بھارتی میڈیا ہاس انڈیا ٹوڈے گروپ نے بھی اپنی اے آئی نیوز اینکر ثنا کو متعارف کروایا تھا۔صحافت میں اب لیزا نامی ایک اور اے آئی کا قدم رکھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ میڈیا انڈسٹری میں اے آئی کے استعمال کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔