رائے ونڈ/ننکانہ صاحب/دیپالپور( این این آئی)پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران میاں بیوی سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 11زخمی ہوگئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ننکانہ صاحب موٹر وے ایم 3 نزد کالونی نہر پر تیز رفتار بس بے قابو ہو کر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 11 افراد شدید زخمی ہوئے ۔
ریسکیو ذرائع کاکہنا ہے کہ 6 زخمیوں کو ریسکیو 1122 عملے نے موقع پر طبی امداد فراہم کی جبکہ پانچ افراد کو ریسکیو اور موٹر وے پولیس کے عملہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا ۔ایک اور افسوس ناک حادثہ دیپالپور میں پاکپتن روڈ پر پیش آیا جہاں اڈہ دلاور کوٹ کے قریب تیزرفتار ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق میاں بیوی کی شناخت افضل اور ممتاز بی بی کے نام سے ہوئی ہے ۔
ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ریسکیو نے لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیں ۔رائے ونڈ میں جاتی امراء کے قریب ٹریفک حادثے میں 2افراد جاں بحق اور8زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ تیز رفتار مسافر وین ٹائر برسٹ ہونے سے موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سواردونوں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ مسافر وین میں سوار آٹھ افراد میں زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔