لاہور(این این آئی)نامور اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا ہے کہ جب قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات منظر عام پر آئے تو انہوں نے بچپن میں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر بات کرنے کا فیصلہ کیا۔ایک انٹر ویو میں اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا کہ میرے ساتھ جو بھی حادثات ہوئے وہ گھر کے اندر جو ملازمین تھے ان کے ہاتھ ہوئے، جب بھی یہ بات دہرائی کہ میرے ساتھ کچھ ہوا ،
اس بات کو نظر انداز کیا گیا۔جب نظر انداز کیا گیا تو میں نے اسے اہمیت نہیں دی، لیکن جب قصور کا واقعہ ہوا اور میں نے دیکھا کہ ان بچوں کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا جارہا ہے تب میں نے سوچا یہ وقت ہے کہ اس واقعے کو میں خود اہمیت دوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں سے زیادتی کے واقعات بہت زیادہ ہورہے ہیںاور جس معاشرے میں یہ زیادہ ہو تو سمجھ لیں کہ اس معاشرے میں نفسیاتی بیماری بہت گہری ہے۔نادیہ جمیل نے کہا کہ اس کو روکنے کے بہت سے طریقے ہیں، غربت کا خاتمہ ہے، پڑھائی ہے، عوامی آگاہی ہے، بچوں کو سکھانا ہے کہ اگر آپ کو کوئی بیڈ ٹچ گڈ ٹچ کرے تو اس میں کیا فرق ہے اور آپ بول سکتے ہیں اس کے خلاف، کیونکہ بچوں کو بہت ڈر لگتا ہے۔